07 جون ، 2023
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے امیدوار نامزد کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو جلد پی سی بی چیئرمین کے الیکشنز مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کےلیے امیدوار نامزد کردیا، وزیراعظم شہبازشریف جلد 2نام پی سی بی گورنرز بورڈ میں بھجوائیں گے، نجم سیٹھی کے علاوہ دوسرا نام مصطفیٰ رمدے کے ہونے کا امکان ہے۔
ملاقات میں نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو ایشیاکپ اور انڈیا میں ورلڈ کپ سے متعلق بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف سے رائے بھی مانگی، وزیر اعظم نے نجم سیٹھی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی سی بی کا 2014 کا آئین مکمل بحال ہوچکا ہے،90 فیصد سے زیادہ اضلاع میں پی سی بی ڈسٹرکٹس کا الیکشن مکمل ہوگیا، ریجنز کے 80 فیصد الیکشن مکمل ہوچکے ہیں۔
نجم سیٹھی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ 15 جون سے شروع ہورہا ہے، ایک سالہ کرکٹ کیلنڈر مکمل کرلیا گیاہے جس کا جلد اعلان کیا جائے گا، تمام ڈیپارٹمنٹس نے اپنی کرکٹ ٹیمیں بنانا شروع کردی ہیں۔
تاہم پی سی بی آئین بحالی پر وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو مبارکباد بھی دی۔