07 جون ، 2023
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ عراق کے موقع پر بغداد میں پاکستانی سفارت خانے کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ پاک عراق بزنس فورم اور دونوں ملکوں کے درمیان بزنس کونسل کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
سفارت خانے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں عراقی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ فواد حسین بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔
عراق میں پاکستانی سفیر احمد امجد علی اور پاکستان میں عراقی سفیر حامد عباس لفتا بھی تقریب میں شریک تھے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بغداد میں پاکستان سفارت خانے کے کمپلیکس کی تعمیر انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایمبیسی کمپلیکس عراق اور پاکستان کے عوام، تاجر برادری سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے معاون ہوگا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ عراق کے دوران سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے حامل پاکستانیوں کیلئے ویزہ کے خاتمہ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پردستخط کیے گئے جبکہ پاکستان اور عراق کے چیمبرز آف کامرس اور کلچرل تعاون کے الگ الگ معاہدوں پردستخط کیے۔
وزہر خارجہ نے کربلا میں پاکستانی زائرین کیلئے مرکز اور نجف میں پاکستانی قونصلیٹ کھولنے کا اعلان بھی کیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، موسمیاتی تغیر، تعلیم، صحت اورعراقی ترقیاتی کوریڈور میں پاکستانی محنت کشوں کی شمولیت سمیت اہم امور پر باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
دورے میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی صدر اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام سےملاقاتیں کیں۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان قربتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔