70 سالہ سعودی شخص جو گزشتہ 40 سال سے مسلسل جاگ رہا ہے

فوٹو: خلیج ٹائمز
فوٹو: خلیج ٹائمز

نیند صحت مند زندگی گزارنے کے لیے بہت اہم ہے، ہم اکثر ایسے افراد کو دیکھتے ہیں جو ذہنی تناؤ کی وجہ سے کئی دنوں تک پرسکون طور پرسو نہیں پاتے لیکن آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ دنیا میں ایک ایسا انسان بھی ہے جو گزشتہ 40 سال سے نہیں سویا۔

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سعود بن محمد محسن الغامدی کا دعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ 40 سے مسلسل جاگ رہے ہیں اور ایک کامیاب زندگی بسر کر رہے ہیں۔

سعود بن محمد الغامدی کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار نہیں ہیں اور نہ ہی وہ کسی  بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان کی عمر 70 سال ہے اور وہ پچھلے 40 سال سے نہیں سوئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 سالہ سعودی شخص کا کہنا ہے کہ وہ متعدد ڈاکٹروں کے پاس گئے جنہوں نے ان کی حالت کو 'کلینیکل ڈپریشن' قرار دیا لیکن وہ اس کا علاج نہیں تلاش کرسکے۔

سعودی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ سعود بن محمد الغامدی کی یہ حالت اس وقت شروع ہوئی جب وہ جوانی میں فوج میں تعیناتی کے دوران اپنے ایک مشن میں مسلسل 20 دن تک جاگتے رہے۔

تاہم جیسے ہی مشن ختم ہوا تو وہ نیند نہ آنے کی وجہ سے پریشان ہوئے اور انہوں نے ڈاکٹروں کو چیک کروانے کا فیصلہ کیا لیکن ڈاکٹر بھی اس بیماری کی واضح وجہ اور علاج نہیں ڈھونڈ پائے۔یہاں تک کہ نیند کی گولیاں بھی ان کا مسئلہ حل نہیں کرسکیں۔

سعود بن محمد الغامدی کا کہنا ہے کہ میں بس یہی چاہتا ہوں کہ کوئی مجھے میرے علاج کے بارے میں بتادے تاکہ میں بھی عام انسانوں کی طرح زندگی گزار سکوں۔

مزید خبریں :