09 جون ، 2023
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے 60 سے زائد امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت اوربنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ شہری حقوق کا احترام کرنے والاخوشحال جمہوری پاکستان امریکی مفادات کیلئے اہم ہے اور امریکی محکمہ خارجہ حکومت پاکستان اوردیگراسٹیک ہولڈرز سے قریبی روابط برقرار رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی سب کیلئے یکساں رکھنے کی حمایت کرتےہیں، امریکا جلد ختم نہ ہونے والےکسی تنازع میں فریق نہیں بننا چاہتا۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی حکمرانوں سے تعلقات میں توازن، انسانی حقوق اور جمہوریت پرسمجھوتا کیے بغیرپاکستانی حکمرانوں سے متوازن خوشگوار تعلقات پر زور دیا۔
امریکی وزیرخارجہ کے خط میں پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کی اہمیت پربھی زور دیا گیا اور روابط کے ساتھ آزادی اظہار رائے، سیاسی شمولیت پر اہم خدشات بھی اجاگر کیے۔
خیال رہے کہ 60 سے زائد امریکی قانون سازوں نے انٹونی بلنکن کو 16 مئی کوخط بھیجا تھا جس میں پاکستان میں جمہوریت اوربنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا تھا۔