میئر کراچی کا معاملہ، پی ٹی آئی کے درجنوں یوسیز چیئرمین کا حافظ نعیم کو ووٹ دینے سے انکار

پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب ہونے والے یونین کمیٹیوں کے درجنوں چیئرمینز نے جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے سے انکار کردیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب 30 سے زائد یوسی چیئرمینز کا اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اسد امان کا کہنا تھاکہ کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے فیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف تھےاور ہیں مگرجماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دینگے، ہم اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں ہمیں کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں۔

پی ٹی آئی کے منتخب یوسی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائینگے۔

اسد امان کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ بھرپورمخالفت کی، ہم حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دیں گے، چیئرمین تحریک انصاف ہمیں بلائیں تو بات بن سکتی ہے۔

 پی ٹی آئی یو سی چیئرمین عمران پروانی کا کہنا تھاکہ ہمیں اپنی یوسی کے لوگوں کو بھی جواب دینا ہے، حافظ نعیم نے عمران خان کے ساتھ ملاقات کرکے ورکرز سے جھوٹ بولا، منتخب ہونے کے بعد ہمیں کراچی کی قیادت نے پوچھا تک نہیں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم باہر کے بندے کو ووٹ دیں۔

خیال رہے کہ کراچی میئر کیلئے انتخابات 15 جون کو ہوگا اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم اور پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان مقابلہ ہے۔

گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حافظ نعیم سے ملاقات کے بعد ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور پارٹی کے منتخب ہونے والے چیئرمینز کو انہیں ووٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :