12 جون ، 2023
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ حلیم عادل شیخ اور اکرم چیمہ نے بھی میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کی حمایت کااعلان کیاہے، منتخب اراکین کی رائے تبدیل کرنے کیلئے ملاقاتیں غیرآئینی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم نے کہا کہ کوئی یہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ ہمارا میئر نہیں بنا تو فنڈز نہیں دیں گے؟ پیپلزپارٹی ڈھٹائی سے کہہ رہی ہے کہ دیکھتےہیں منتخب ارکان کیسے حمایت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن نوٹس لےکہ صوبائی وزیر کیوں کہہ رہے ہیں کہ منتخب اراکین ووٹ ڈالنے نہیں آئیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں میئر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل 15 جون کو ہوگا تاہم آج یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے منتخب ہونے والے یونین کمیٹیوں کے درجنوں چیئرمینز نے جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب 30 سے زائد منحرف یوسی چیئرمینز کا اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اسد امان کا کہنا تھاکہ کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے فیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے میئر کے الیکشن میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور ہم اس پر قائم ہیں، جو رکن ووٹ نہیں دے گا اسے نا اہل کرائیں گے۔
اس معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی ہر حال میں میئر کا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، پیپلز پار ٹی نے منتخب ارکان کو دباؤ میں لانے کے کوشش کی۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منتخب ارکان کو وفاداری تبدیل کرنے کیلئے اغوا کیا جاتا رہا، پارٹی ہدایت پر تمام ارکان کو حافط نعیم الرحمان کو ووٹ دینا ہے، پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی، جو رکن پارٹی ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، پیپلز پارٹی چور دروازے سے میئر بنانے کی کوشش بند کرے۔