پاکستان میں جنگلات کا کل رقبہ اس کے جغرافیائی رقبے کےمقابلے میں 4.6فیصد ہے جو دنیا میں سب سے کم نہیں ہے۔
13 جون ، 2023
متعدد سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ اقوام متحدہ نے پاکستان کو دنیا میں سب سے کم جنگلات والا ملک قرار دیا ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔
24مئی کو ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ”اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جنگلات کا رقبہ صرف 1.85فیصدہے جو دنیا میں سب سے کم ہے۔“
اس ٹوئٹ کو اب تک 300 سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ اور تقریباً 1000 مرتبہ لائک کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح کا ٹیکسٹ فیس بک پربھی شیئر کیا گیا ہے۔
پاکستان میں جنگلات کا کل رقبہ اس کے جغرافیائی رقبے کےمقابلے میں 4.6فیصد ہے جو دنیا میں سب سے کم نہیں ہے۔ اقوام متحدہ نےبھی ایسی کوئی رپورٹ جاری نہیں کی ہے جس میں پاکستان کو دنیا میں سب سے کم جنگلات کا ذخیرہ رکھنے والے ملک کا درجہ دیا گیا ہو۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کی نیشنل انفارمیشن آفیسر مہوش حیدر علی نے جیو فیکٹ چیک کو میسجز کے ذریعے بتایا کہ وہ اقوام متحدہ کی ایسی کسی رپورٹ کے متعلق نہیں جانتی ہیں جس کا حوالہ سوشل میڈیا پوسٹس میں دیا گیا تھا۔
مہوش حیدر علی نے کہا”ہم [پاکستان کی] وزارت موسمیاتی تبدیلی اورانوائرمینٹل کوارڈینیشن کے اعداد و شمار کو تسلیم کرتے ہیں،2020میں سرکاری طور پر پاکستان میں جنگلات کا رقبہ 4.6 فیصد تھا۔“
اس کے بعدمہوش حیدر علی نے اقوام متحدہ کے گلوبل فاریسٹ ریسورسز اسسمنٹ کی شائع ہونے والی 2020 ءکی رپورٹ بھی شیئر کی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کل زمینی رقبےمیں سے 3.73ملین ہیکٹر رقبہ پر جنگلات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے ممالک ایسے ہیں جن میں پاکستان کے مقابلے میں جنگلات کا رقبہ کم ہے۔2020ءکی اس فہرست میں 238 ممالک میں پاکستان کو 81 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک نے تازہ ترین اعدادوشمار کے لیےجنگلات کے حوالے سے کام کرنے والے پاکستان کے سرکاری ادارے نیشنل فارسٹ مانیٹرنگ سسٹم سے بھی رابطہ کیا۔
نیشنل فارسٹ مانیٹرنگ سسٹم نے پاکستان کے جنگلات کے رقبے کے حوالے سے 2020 کا ڈیٹا فراہم کیا،سرکاری ادارے کے پاس بھی اس حوالے سے کوئی تازہ اعداو شمار موجود نہیں ہے۔
اضافی رپورٹنگ :محمد بنیامین اقبال
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔