13 جون ، 2023
سپریم کورٹ میں صحافی ارشد شریف ازخود نوٹس کیس کی سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ارشد شریف کی والدہ کے وکیل شوکت عزیزصدیقی کا کہنا تھاکہ ارشد شریف کی والدہ نے درخواست دی ہے اور 5 افراد کے بیانات لینے کیلئے کہا گیا ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نہ تفتیش کررہے ہیں نہ تفتیشی اداروں کو کوئی ہدایت کرسکتے ہیں، جے آئی ٹی کو درخواست دیں جو قانون ہے وہ اس پر کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت صرف سہولت فراہم کررہی ہے، تفتیشی افسر اس کو دیکھے گا۔
عدالت نے ارشد شریف ازخود نوٹس کیس کی مزید سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ 23 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے ارشد شریف کو سر پر گولی مار کر قتل کیا تھا بعدازاں کینیا کی پولیس کی جانب سے واقعہ غلط شناخت کا قرار دیا گیا تاہم ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات میں کینیا پولیس کے مؤقف میں تضاد پایا گیا۔
سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس پر ازخودنوٹس لیا تھا۔