Geo News
Geo News

Time 14 جون ، 2023
دلچسپ و عجیب

دنیا کے سب سے چھوٹے ریسٹورنٹ کی خصوصیات کیا ہیں؟

ریسٹورنٹ اٹلی کے علاقے ویکون کے قریب 20 ویں صدی کے پتھروں سے بنے ایک حویلی کے 500 مربع فٹ کے کمرے میں واقع ہے —۔فوٹو: سی این این
ریسٹورنٹ اٹلی کے علاقے ویکون کے قریب 20 ویں صدی کے پتھروں سے بنے ایک حویلی کے 500 مربع فٹ کے کمرے میں واقع ہے —۔فوٹو: سی این این

آپ نے ہمیشہ دنیا کے سب سے بڑے ، مہنگے  اور عالیشان ہوٹلوں کے بارے میں سنا ہوگا جہاں  دنیا بھر سے لاکھوں افراد  قیام کرتے ہیں۔

لیکن آج ہم آپ کو دنیا کے ایک ایسے منفرد ریسٹورنٹ کے بارے میں بتارہے ہیں جہاں  ہزاروں افراد نہیں بلکہ صرف 2 افراد بیک وقت بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں۔ 

جی ہاں یہ بات ہورہی ہے دنیا کے سب سے چھوٹے ریسٹورنٹ کی جو اٹلی کے علاقے ویکون کے قریب 20 ویں صدی کے پتھروں سے بنے ایک حویلی کے 500 مربع فٹ کے کمرے میں واقع ہے۔

اس منفرد ریسٹورنٹ کا نام 'Solo Per Due (Just for Two)' ہے کیوں کہ اس میں صرف ایک ڈائننگ ٹیبل اور دو کرسیاں موجود ہیں جس پر صرف دو افراد ہی بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں۔ 

ریسٹورنٹ کے مالک کا دعویٰ ہے کہ یہ ہوٹل صرف اٹلی کا ہی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے چھوٹا ریسٹورنٹ ہے۔

ریسٹورنٹ کی خصوصیات کیا ہیں؟

فوٹو: سی این این
فوٹو: سی این این

اس ریسٹورنٹ میں کوئی کھانے کا مینیو نہیں ہے ، یہاں کھانا صرف مہمان کی پسند کا ہی بنایا جاتا ہے۔

ریسٹورنٹ کی بکنگ موبائل سے ہی کی جاتی ہے اور اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ بکنگ مہمان یہاں آنے سے 10 دن پہلے کرلیں اور  مہمان کی پسند کا کھانا بکنگ کے بعد ہی فائنل کیا جاتا ہے۔

ریسٹورنٹ کے اندر داخلے کے لیے بکنگ ضروری ہے۔ کوئی بھی شخص ہوٹل کی بکنگ سے پہلے اندر جاکر ہوٹل کا معائنہ نہیں کرسکتا۔

بکنگ کے وقت جس ڈش کی مہمان کی جانب سے فرمائش کی جاتی ہے اسے آخری وقت پر منسوخ نہیں کیا جاسکتا جبکہ  مہمان ایک مخصوص وقت پر ہی ریسٹورنٹ پہنچنے کے پابند ہوتے ہیں۔ 

مہمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ریسٹورنٹ پہنچنے سے 30 منٹ پہلے انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ان کی پسند کا کھانا تیار کیا جائے۔ دو افراد کے کھانے کا خرچ 537 ڈالر آتا ہے۔

ریسٹورنٹ میں ایک ویٹر ہمیشہ موجودہ ہوتا ہے لیکن اس وقت تک وہ سامنے  نہیں آتاجب تک کہ مہمان کی جانب سے اسے بلایا نہ جائے، مہمان چاندی کی ایک چھوٹی گھنٹی بجا کر ویٹر کو بلاسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مہمانوں کی خصوصی درخواست پر مہمانوں کو گھر سے لینے کے لیے ایک نجی ڈرائیور کا انتظام بھی کیاجاتا ہے۔

33 سال  سے اس ریسٹورنٹ کو چلانے والے مالک کا کہنا ہے کہ یہاں آنے والے افراد ہمارے خاص مہمان ہوتے ہیں جن کا ہم  بہت خیال رکھتے ہیں۔

ریسٹورنٹ کے مالک کے مطابق انہیں صرف دو لوگوں کے لیے ایک پُرسکون کھانا کھانے کی جگہ بنانے کا خیال اس وقت آیا جب وہ ہجوم سے بھرے ہوٹلوں میں قطاروں میں لگ ، لگ کر پریشان ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل برداشت ہو گیا تھا، جب بھی میں اور میرا بیٹا رات کے کھانے کے لیے باہر جاتے تھے، ہمیں ہمیشہ باتھ روم یا کچن کے قریب چھوٹی سی ٹیبل دی جاتی تھی۔لہٰذا میں  نے سوچا کہ ایک ایسی پرسکون جگہ بنائی جائے جہاں مہمانوں کو عزت اور  پیار دیاجائے اور انہیں شاہی خاندان کے افراد کے طور پر کھانا کھانے کا تجربہ حاصل ہو۔