Geo News
Geo News

کھیل

پاکستان فٹبال ٹیم کو بھارت میں ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے حکومتی کلیئرنس مل گئی

اگر ہر چیز شیڈول کے مطابق ہوئی تو پاکستان فٹبال ٹیم 18 جون کو ماریشیز سے بھارت کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ فوٹو فائل
اگر ہر چیز شیڈول کے مطابق ہوئی تو پاکستان فٹبال ٹیم 18 جون کو ماریشیز سے بھارت کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ فوٹو فائل

پاکستان فٹبال ٹیم کو انڈیا میں ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے کلیئرنس مل گئی۔

ساف فٹبال چیمپئن شپ 21 جون سے 4 جولائی تک بھارت کے شہر بنگلورو میں ہو گی، ایونٹ میں پاکستان فٹبال ٹیم کو شرکت کے لیے دو اہم وزارتوں، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے کلیئرنس مل گئی ہے۔

وزات خارجہ نے 2 جون کو جبکہ وزارت داخلہ نے 15 جون کو خط جاری کیا جس کے بعد باضابطہ این او سی بین الصوبائی رابطے کی وزارت، پاکستان اسپورٹس بورڈ سے جاری کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے دو روز قبل ماریشیز میں بھارتی ایمبیسی میں ویزوں کے لیے اپلائی کر دیا تھا جہاں قومی ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ کے لیے موجود ہے۔

بھارتی حکام کو جہاں تمام دستاویزات مہیا کر دی گئی ہیں جن میں انڈین حکومت کی کلیئرنس بھی شامل ہے تاہم بھارتی سفارت خانے نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو ماریشیز سے ویزا سے اجرا کے لیے ماریشیز میں پاکستانی سفارت خانے سے تحریری کلیئرنس درکار ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایمبیسی سے کلیئرنس این او سی کے اجرا کے بعد جاری کر دی جائے گی، اگر ہر چیز شیڈول کے مطابق ہوئی تو پاکستان فٹبال ٹیم 18 جون کو ماریشیز سے بھارت کے لیے روانہ ہو جائے گی۔