15 جون ، 2023
لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر سکھ احتجاج کی قیادت کرنے والے خالصتانی سکھ رہنما اوتار سنگھ کا انتقال ہو گیا جبکہ سکھ رہنماؤں نے اوتار سنگھ کی موت زہر سے ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اوتار سنگھ کی موت کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوئی تاہم ذرائع کے مطابق اوتار سنگھ کو خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اوتار سنگھ کا برمنگھم کے اسپتال میں علاج ہو رہا تھا۔
دوسری طرف سکھ رہنما جسویر سنگھ کا کہنا ہے کہ اوتار سنگھ کو اچانک پیٹ درد کی شکایت ہوئی تھی، اسپتال لے جانے پر ڈاکٹر نے کینسر ہونے کا بتایا، کینسر سے کوئی فوری اور اچانک نہیں مرتا، اوتار سنگھ کو ایسا زہر دیا گیا جس سے آہستہ آہستہ ان کی موت ہو گئی۔
یاد رہے کہ اوتار سنگھ کو کچھ روز پہلے بھارتی ہائی کمیشن سے بھارتی پرچم اتارنے کے الزام پر لندن میں گرفتار بھی کیا گیا تھا، اوتار سنگھ بھارتی پنجاب کے خالصتانی سکھ رہنما امرت پال سنگھ کا قریبی ساتھی تھا، امرت پال بھی بھارتی پولیس کی حراست میں ہے۔