Geo News
Geo News

Time 20 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

بھارتی سپر اسٹار رام چرن کے ہاں شادی کے 11 سال بعد بیٹی کی پیدائش

اداکار کی نومولود بالکل صحت مند ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اپاسنا کی حالت بھی بہتر ہے__فوٹو: فائل
اداکار کی نومولود بالکل صحت مند ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اپاسنا کی حالت بھی بہتر ہے__فوٹو: فائل

تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رام چرن اور ان کی اہلیہ اپاسنا کونی ڈیلا کے ہاں شادی کے 11 سال بعد بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

اداکار کے ہاں بیٹی کی پیدائش 20 جون بروز منگل کی صبح بھارتی حیدرآباد کے ایک اسپتال میں ہوئی جس کا اعلان اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق اداکار کی نومولود بالکل صحت مند ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اپاسنا کی حالت بھی بہتر ہے۔

خیال رہے کہ رام چرن اور اپاسنا کونی ڈیلا کی جانب سے گزشتہ برس دسمبر میں اعلان کیا گیا تھا کہ جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے، شادی کو ایک دہائی گزر جانے کے بعد گھر میں بچے کی آمد پر اداکار نے بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا۔

جہاں رام چرن ایک مشہور بھارتی فلمی اداکار ہیں وہیں اپاسنا ایک کاروباری شخصیت اور اپولو فاؤنڈیشن کی وائس چیئرمین ہیں۔

واضح رہے کہ رام چرن اس وقت بالی وڈ اور تیلگو انڈسٹری کے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

دونوں نے 2012 میں محبت کی شادی کی تھی، وہ اپنے کالج کے دنوں میں مشترکہ دوستوں کے ذریعے ایک دوسرے سے ملے اور دوست بن گئے، بعدازاں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی اور انہوں نے ڈیٹنگ شروع کی۔