20 جون ، 2023
عالمی ادارہ برائے اعداد و شماریات (ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس) نےدنیا کے مختلف ممالک کے رہنماؤں کی عمروں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں سب سے زیادہ عمر سے لے کر کم عمر رہنما شامل ہیں۔
ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس نے ٹوئٹ میں مجموعی طور پر 29 ممالک کے سربراہان کی فہرست جاری کی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت بھارت کے نریندر مودی اور ترکی کے رجب طیب اردوان شامل تھے۔
عالمی ادارہ برائے اعداد و شماریات کے مطابق اس فہرست میں سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبد العزیز السعود پہلے نمبر پر ہیں جن کی عمر 87 برس ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن کی عمر 80، برازیلین صدر لولا دی سلوا کی عمر 77، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم 75 برس کے ہیں۔
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی عمر 72 سال ہے جب کہ اس فہرست میں شہباز شریف دسویں نمبر پر ہیں جو کہ 71 سال کے ہیں۔
اس کے علاوہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی عمر 69، کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹرڈو کی 51 اور اٹلی کی وزیر اعظم جورجیا میلونی 46 برس کی ہیں۔
اس فہرست میں سب سے کم عمر فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مارین ہیں جن کی عمر صرف 37 برس ہے۔