Time 21 جون ، 2023
کھیل

ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے، ایشیا کپ کے اہم میچز پاکستان میں نہیں ہوں گے: ذکا اشرف

ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے: امیدوار چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو فائل
ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے: امیدوار چیئرمین پی سی بی۔ فوٹو فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے مضبوط امیدوار ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو پاکستان کے ساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ماڈل کے تحت پاکستان کے اہم میچز کو ملک میں نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 19 جون کو ختم ہو چکی۔

وفاقی وزیر احسان مزاری کا کہنا ہے کہ اب مینجمنٹ کمیٹی مزید کام نہیں کر سکتی، پیپلز پارٹی کی قیادت کی خواہش تھی ذکا اشرف کو چیئرمین کرکٹ بورڈ نامزد کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پر استعمال کرتا ہے، فٹبال اور ہاکی کی ٹیمیں دورہ کر سکتی ہیں تو کرکٹ ٹیم کی کیوں نہیں کر سکتی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی کے امیدوار ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کافی مسائل موجود ہیں لیکن کسی کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ آرہا ہے ہمیں تیاری کرنی ہے، میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیے، اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا، اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ تھا، بدقسمتی سے منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا، کرکٹ ملک کو متحد کرتی ہے، ملک بھر سے ٹیلنٹ آگے آرہا ہے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے دو مضبوط امیدوار تھے، مسلم لیگ ن نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی دیکھنا چاہتی تھی جبکہ پیپلز پارٹی ذکا اشرف کی حامی تھی تاہم دو روز قبل نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر بیان کے ذریعے خود کو چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد اب چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط ترین امیدوار ذکا اشرف ہیں۔

مزید خبریں :