پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت سندھ کی ویمنز ہاکی لیگ کا آغاز

پہلے میچ میں کراچی ریجن کی ٹیم نے صائمہ غلام کی ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت حیدرآباد کو 0-13 سے شکست دیدی
پہلے میچ میں کراچی ریجن کی ٹیم نے صائمہ غلام کی ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت حیدرآباد کو 0-13 سے شکست دیدی

پرائم منسٹرز ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت صوبہ سندھ کی ویمنز ہاکی لیگ کا آغاز ہوگیا۔

اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں منعقدہ تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے رنگارنگ تقریب میں ایونٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر رنگ برنگے غبارے فضامیں چھوڑے گئے۔ پہلے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی ریجن کی ٹیم نے صائمہ غلام کی ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت حیدرآباد کو 0-13 سے شکست دیدی، صائمہ غلام نے مجموعی طور پر چھ گول اسکور کیے۔ 

ٹیم کی کپتان دعا خان نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول کیے جبکہ مقدس رفیق نے دو اور اقراء اقبال نے ایک گول کیا۔

دوسرے میچ میں بینظیر آباد نے لاڑکانہ ریجن کو 6 گول سے ہرادیا، فاتح ٹیم کی جانب سے عمارہ نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول اسکور کیے جبکہ مشال اور مناحل نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

مہمان خصوصی جاوید علی میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ سندھ کی ویمنز ہاکی لیگ سے ملک کو نیا ٹیلنٹ ملے گا۔  ویمنز اور مینز ہاکی کے مقابلے ایک ہفتے تک جاری رہیں گے، کھلاڑیوں کو بہترین رہائش کے ساتھ یومیہ الاؤنس اور ہاکی کی مکمل کٹ فراہم کی گئی تاکہ کھلاڑی بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ کی خواہش ہے کہ بنیادی سطح سے ہر کھیل کا ٹیلنٹ سامنے آئے اسی وژن کے تحت پورے ملک میں کھیلوں کا جال بچھادیاگیا ہے۔

سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی میں نصابی سرگرمیوں کیساتھ کھیلوں پربھی خاص توجہ دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری جامعہ میں 16 کھیلوں کی ٹیمیں موجود ہیں جس کا کریڈٹ ہمارے اسپورٹس ڈائریکٹر مبشر مختار کو جاتا ہے۔

اس موقع  پر اولمپئن سمیر حسین اور انٹر نیشنل کھلاڑی محمد علی خان نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر گلفراز احمد خان، جاوید اقبال بیگ، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اکبر قائمخانی، پرائم منسٹرز ٹیلنٹ ہنٹ کے پراجیکٹ منیجر عدنان سعید، میڈیا منیجر ذکی عباس، نعمان الدین اور ہاکی کے قومی و بین الاقوامی کھلاڑی بھی موجود تھے۔

ایونٹ میں جمعرات 22 جون کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کراچی بمقابلہ لاڑکانہ صبح نو بجے جبکہ دوسرا میچ سکھر اور بینظیر آباد کے درمیان صبح ساڑھے 10 بجے  کھیلا  جائے گا۔

مزید خبریں :