23 جون ، 2023
بحر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی آبدوز ’ٹائٹن‘ کے پائلٹ اور اوشین گیٹ کمپنی کے سی ای او اسٹاکٹن رش کی اہلیہ کے 1902 میں ڈوبنے والے جہاز ٹائی ٹینک پر سوار معمر جوڑے سے رشتے کے متعلق اہم انکشاف سامنے آگیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکن رش کی اہلیہ وینڈی رش ٹائی ٹینک حادثے میں ڈوبنے والے معمر جوڑے کی پڑ پوتی ہیں۔
وینڈی رش کے پڑدادا ازی ڈور اسٹراس نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر معروف امریکی ملبوسات کے برانڈ ’میکیز‘ کی بنیاد رکھی تھی۔
ازی ڈور اسٹراس اور ان کی اہلیہ ایڈا 1912 میں بحر اوقیانوس سے گزرتے وقت مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ساتھ پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
ہالی ڈائریکٹر جیمس کیمرون کی مشہور زمانہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ میں ڈوبتے وقت جہاز کے فرسٹ کلاس کیبن کے بستر پر پرسکون انداز میں لیٹنے والے معمر جوڑے کی صورت میں ازی ڈور اسٹراس اور ان کی اہلیہ ایڈا اسٹراس کے کرداروں کو بھی فلمایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار پانچوں افراد، کمپنی کے سی ای او اسٹاکٹن رش، دو پاکستانیوں شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
خیال رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہوئی گئی تھی۔