Time 23 جون ، 2023
پاکستان

فریضہ حج کیلئے ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

81 ہزارعازمین سرکاری اور 76 ہزارنجی حج اسکیم کے ذریعے فریضہ حج کیلئے پہنچے ہیں: وزارت مذہبی امور/ فائل فوٹو
81 ہزارعازمین سرکاری اور 76 ہزارنجی حج اسکیم کے ذریعے فریضہ حج کیلئے پہنچے ہیں: وزارت مذہبی امور/ فائل فوٹو

اسلام آباد: امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 81 ہزارعازمین سرکاری اور  76 ہزارنجی حج اسکیم کے ذریعے فریضہ حج کیلئے پہنچے ہیں۔

حج سے قبل آخری نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے خانہ کعبہ میں رش دیکھا گیا جسے کنٹرول کرنے کیلئے سعودی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ علی الصبح بندکردی تھی۔

 منیٰ عرفات کے خیموں کی تیاری کو حتمی شکل دے دی: ترجمان

ترجمان کے مطابق سعودی مکاتب نے منیٰ عرفات کے خیموں کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے جب کہ عازمین حج، اتوار اورپیر کی درمیانی شب منیٰ میں بسوں کے ذریعے پہنچائے جائیں گے۔

ڈی جی حج  کے مطابق 63 فیصد سرکاری عازمین حج کو مشائرٹرین کی سہولت فراہم کی جائے گی جب کہ37 فیصد سرکاری حجاج بسوں میں منیٰ سے عرفات اور مزدلفہ پہنچائے جائیں گے، اسی طرح وادی منیٰ اور جمرات میں پاکستانی معاونین کی گائیڈنگ پوسٹیں مقررکردی گئی ہیں۔

 منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کردیے گئے: ترجمان

 ڈی جی حج نے بتایا کہ منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کردیے گئے ہیں،  شعبہ گمشدگی وبازیابی، رہنمائی، شکایات اور  مانیٹرنگ ڈیسک24 گھنٹے کام کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود عام حاجیوں کے ساتھ حج ادا کریں گے، انہوں نے متعدد پاکستانی بلڈنگز اور حج میڈیکل مشن کا دورہ کیا جب کہ عازمین حج سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر طلحہٰ محمود نے کہا کہ عازمین حج کی بہترین رہنمائی اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، نجی حج گروپ آپریٹرز اپنے حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کریں۔

مزید خبریں :