23 جون ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) خیبرپختونخوا سرکل نے پشاور سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم رواں سال فروری میں پیش آنے والے لیبیا کشی حادثے میں جاں بحق تارکین وطن کی ٹریفکنگ میں ملوث تھا، ملزم کو پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق جمرود سے ہے جو بھاری رقوم کے عوض سادہ لوح پاکستانیوں کو غیر قانونی طریقوں سے سرحد پار کرواتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل راولپنڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں لیبیا میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں 7 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے جن میں سے 6 کا تعلق گجرات سے تھا۔