Time 24 جون ، 2023
پاکستان

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب معاہدے کے خواہش مند ہیں: امریکی سفیر

ہمیں ماضی کو چھوڑ کر مستقبل پر بات کرنا ہوگی، پاکستان کو ایسا ملک دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سرمایہ کاری آئے: ڈونلڈ بلوم— فوٹو: فائل
ہمیں ماضی کو چھوڑ کر مستقبل پر بات کرنا ہوگی، پاکستان کو ایسا ملک دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سرمایہ کاری آئے: ڈونلڈ بلوم— فوٹو: فائل

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب پروگرام دیکھنا چاہتے ہیں، امید ہے جیسے پاکستان ماضی میں مشکلات سے نکلا موجودہ بحران پربھی قابو پالے گا۔

کراچی ڈیفنس میں پاکستان کونسل آف فارن ریلیشنز کے تحت پاک امریکا تعلقات پرمنعقدہ پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ایک آزاد ادارہ ہے جو پالیسی فریم ورک کے مطابق کام کرتا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان کامیاب معاہدے کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی ترقی و خوش حالی کا خواہاں ہے، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کامیاب ہو جائے، پاکستان کا سب سے بڑامسئلہ معیشت ہے جس کا حل چاہتے ہیں۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو تنہا کرنے کی خواہش نہیں رکھتے، چین سے تجارتی تعلقات ہیں، پاک امریکا تجارتی تعلقات میں وقت کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ سیلاب میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا، کورونا میں آٹھ کروڑ مفت ویکسین ڈوز فراہم کیں، پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنانے کیلئے تعاون جاری رہے گا۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ کراچی کا پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، ہمیں ماضی کو چھوڑ کر مستقبل پر بات کرنا ہوگی، پاکستان کو ایسا ملک دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سرمایہ کاری آئے۔

پاکستان کونسل آف فارن ریلیشنز کے تحت پاک امریکا تعلقات پر منعقدہ پروگرام میں سابق چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد، احسن مختار زبیری اور سید حسن حبیب سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مزید خبریں :