27 جون ، 2023
بھارت میں ڈاکٹروں نے بچے کی زبان کا آپریشن کرنے کے بجائے اس کی ختنہ کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں پیش آیا جہاں 3 سالہ بچے کا غلط آپریشن کرنے پر اسپتال کا لائسنس کینسل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 23 جون کو پیش آیا جب 3 سالہ بچے کو اسپتال میں زبان کا آپریشن کروانے کے لیے لایا گیا تھا لیکن ڈاکٹر نے اس کا ختنہ کردیا جس کے بعد بچے کے گھر والوں نے پولیس کو شکایت درج کرائی۔
اس حوالے سے ڈپٹی چیف منسٹر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیم کو اس معاملے کی تحقیقات کیلئے اسپتال بھیجا ہے، اگر یہ شکایت درست ثابت ہوئی تو بریلی کے چیف میڈیکل آفسر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ قصوروار ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کریں، مذکورہ اسپتال کی رجسٹریشن کو فوری طور پر منسوخ کریں اور 24 گھنٹے کے اندر اس کی مکمل رپورٹ پیش کرکے کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹرز پر مشتمل ایک پینل اسپتال پہنچا ہے اور انہوں نے مذکورہ ڈاکٹر سمیت تمام اسٹاف کا بیان حاصل کیا ہے اس کے علاوہ بچے کی فیملی کا بھی بیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری کارروائی کی جارہی ہے اور اسپتال کی ضرروی دستاویزات کو تحویل میں لے کر اسپتال کا لائسنس بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب واقعے کی اطلاع میڈیا پر آنے کے بعد ہندو انتہا پسند بھی میدان میں آگئے اور بچے کی ختنہ کرنے پر اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔