Time 29 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

20 برس کی عمر میں پہلی اہلیہ کا جنازہ اٹھایا تھا: راج پال یادیو

میرے والد صاحب نے بھی میرا رشتہ طے کردیا اور شادی کردی، میری پہلی اہلیہ، اس نے جیسے ہی میری بیٹی کو جنم دیا، اس کی موت ہوگئی: اداکار__فوٹو: بھارتی میڈیا
میرے والد صاحب نے بھی میرا رشتہ طے کردیا اور شادی کردی، میری پہلی اہلیہ، اس نے جیسے ہی میری بیٹی کو جنم دیا، اس کی موت ہوگئی: اداکار__فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ فلموں کے کامیڈین اور  اپنی جاندار اداکاری سے کردار میں جان پھونک دینے والے باصلاحیت اداکار  راج پال یادیو  نے انکشاف کیا ہے کہ وہ صرف 20 برس کے تھے جب ان کی پہلی اہلیہ دنیا چھوڑ گئی تھیں۔

راج پال یادیو کو حال ہی میں بالی وڈ میں 25 سال مکمل ہوئے ہیں، اسی حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران اداکار سے ان کی نجی زندگی سے متعلق بات چیت کی گئی۔

اسی انٹرویو میں انہوں نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے سانحے کا بھی تذکرہ کیا، راج پال یادیو نے بتایا کہ 'پہلے زمانے میں جب لڑکے کی عمر 20 سال ہوتی تھی اور اس کی نوکری بھی ہوتی تھی تو لوگ اس کی شادی کرنےکا کہتے تھے'۔

اداکار نے بات جاری رکھی اور کہا 'میرے والد صاحب نے بھی میرا رشتہ طے کردیا اور شادی کردی، میری پہلی اہلیہ، اس نے جیسے ہی میری بیٹی کو جنم دیا، اس کی موت ہوگئی، مجھے اس سے اگلے دن ملنا تھا لیکن پھر میں نے اس کی لعش کو کاندھا دیا'۔

انہوں نےکہا کہ 'میں اپنی فیملی کا شکرگزار ہوں خصوصاً اپنی والدہ اور بھابھی کا، انہوں نے کبھی میری بیٹی 'جوتی' کو ماں کی کمی محسوس نہیں ہونے دی، وہ بہت ہی لاڈ اور پیار سے پلی بڑھی ہے'۔

راج پال یادو کا کہنا تھا کہ پھر 2003 میں انہوں نے دوسری شادی کی، رواں برس ہی اداکار کی شادی کو 20 برس مکمل ہوئے ہیں۔

اداکار کے مطابق اُن کی دوسری اہلیہ رادھا نے ان کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے، جوڑے کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

واضح رہے کہ راج پال یادو کی بیٹی جوتی کی اب شادی ہو چکی ہے اور  وہ  اپنے شوہر کے ہمراہ لکھنؤ میں قیام پذیر ہیں۔

مزید خبریں :