29 جون ، 2023
وزارت خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے پُر امید ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت 2.6 ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو یہ رقم قسطوں میں موصول ہوسکتی ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اصولی طور پر معاملات طے پاگئے ہیں۔
حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز تک آئی ایم ایف کی جانب سے تصدیق متوقع ہے، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے تمام شرائط پوری کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اپنے کوٹے کے ڈھائی ارب ڈالر لے سکتا ہے، پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کی مدت ختم ہونے میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو تجویز دی ہے کہ بورڈ اجلاس نہ ہو سکے تو پروگرام میں 6 ماہ کی توسیع کی جائے، اسٹینڈبائی معاہدے کا حجم ساڑھے 3 ارب ڈالر کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آئندہ چند دنوں میں مزید ایک ارب ڈالر اور سعودی عرب سے بھی مزید 2 ارب ڈالر جولائی میں ملنے کی امید ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے پر پہنچنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں، پاکستان نے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے بجٹ میں فیصلہ کن اقدامات کر لیے ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر ایک دو دن میں فیصلے کا امکان ہے۔