01 جولائی ، 2023
اداکار فیروز خان کی جانب سے بچوں سے نہ ملنے دیے جانے کے تبصرے پر ان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان نے ردعمل دیا ہے۔
انسٹاگرام پر کچھ روز قبل ایک پوسٹ پر فیروز خان سے ان کے مداح نے سوال کیا کہ 'آپ سلطان اور فاطمہ سے کب ملاقات کریں گے؟'
جواب میں فیروز خان نے کہا 'مجھے نہیں معلوم، میں عدالت گیا تھا لیکن جج خود عید کی چھٹیوں پر تھے اسی لیے مجھے بچوں سے ملاقات کا موقع نہیں مل سکا'۔
اداکار نے لکھا 'لیکن میں بے حد خوش ہوں، اللہ مجھے میرے دل میں کسی کے لیے بھی محبت رکھنا سکھا رہا ہے، میرا بیٹا سلطان کہتا ہے کہ آپ میرے دل میں رہتے ہیں'۔
اسی سلسلے میں ایک صارف نے علیزہ کو مینشن کیا اور کہا 'یہ شرمناک بات ہے، وہ بچوں کے باپ ہیں، جب پیسوں کی بات آتی ہے تو آپ خرچہ خرچہ کرتی ہیں کہ یہ باپ کا فرض ہے، اب باپ کا حق نہیں کہ بچوں سے عید پر ملے؟'
جواب میں علیزہ سلطان نے دو ٹوک انداز میں کہا 'کسی نے، کسی کو، کہیں آنے سے نہیں روکا، آپ پرسکون رہیں، عید ہے، خوش رہیں'۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی علیزہ سلطان سے 2018 میں شادی ہوئی تھی،2019 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے جب کہ فروری 2022 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
2022 میں ہی جوڑے کے درمیان طلاق بھی ہوگئی تھی، علیزہ سلطان نے فیروز خان پر تشدد کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں کیسز بھی دائر کر رکھے ہیں۔
اس کے علاوہ عدالت نے بچوں کی کسٹڈی فی الحال ماں کو دے رکھی ہے جب کہ فیروز خان ہر ماہ کچھ رقم دینے کے پابند ہیں۔