Time 03 جولائی ، 2023
کاروبار

آئی ایم ایف ڈیل کے بعد زبردست تیزی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلیے روک دیا گیا/ فائل فوٹو
کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلیے روک دیا گیا/ فائل فوٹو

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلی بار کاروبار کے آغاز  پر تاریخ رقم ہوگئی۔

آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور  پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلیے روک دیا گیا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جا پہنچا۔

ایک گھنٹے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔

عید چھٹیوں سے قبل ہوئے آخری کاروباری سیشن میں 100 انڈیکس 41 ہزار 452 پر بند ہوا تھا۔

عید کے بعد آج پہلے کاروباری دن میں 100 انڈیکس ایک دن میں 2446 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے بعد 43 ہزار 899 پر بند ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج 38 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

مارکیٹ کیپٹلائزیشن 318 ارب روپے بڑھ کر کاروبار کے اختتام پر 6 ہزار 687 ارب روپے ہے۔ 

پاکستان اور آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی معاہدہ

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہوگیا ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو قسطوں میں یہ رقم ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گااور معاہدے سے سماجی شعبے کیلئے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔

مزید خبریں :