Time 03 جولائی ، 2023
دنیا

سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کا واقعہ، پوپ فرانسس کا بیان سامنے آگیا

آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کے مقدسات کی توہین اور اس کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے: پوپ فرانسس۔ فوٹو فائل
 آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کے مقدسات کی توہین اور اس کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے: پوپ فرانسس۔ فوٹو فائل

سویڈن میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز مسجد کے باہر پولیس سکیورٹی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا بیان سامنے آگیا ہے۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے پر لندن میں سویڈش سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے قرآن پاک ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی انتہائی افسوسناک عمل ہے، سویڈش حکومت ذمہ دار افراد کے خلاف ایکشن لے۔

احتجاج میں شامل افراد کا کہنا تھا ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، پرُامن احتجاج کے ذریعے سویڈش حکومت تک جذبات پہنچانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اماراتی اخبار کو انٹرویو میں سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے کو ناقابل قبول گستاخانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کی مقدس کتاب کی بےحرمتی قابل مذمت اور کسی بھی عقیدے کے ماننے والوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے۔

عیسائیوں کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی عقیدے کے مقدسات کی توہین اور اس کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔

  قرآن پاک کی بے حرمتی سنگین جرم ہے: سعودی عرب

سعودی عرب نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے  سویڈش سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔  

سعودی وزارت خارجہ نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو سنگین جرم قرار  دیتے ہوئے کہا کہ سویڈش حکومت ایسے تمام واقعات روکےجو رواداری پھیلانےکی عالمی کوششوں سےبراہ راست متصادم ہوں۔

مزید خبریں :