04 جولائی ، 2023
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو امریکا میں شوٹنگ کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے بعد ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان امریکا کے شہر لاس اینجلس میں اپنے آنے والے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر زخمی ہوگئے اور ان کی ناک سے خون بہنے لگا تاہم اداکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے اداکار کی ٹیم کو بتایا ہے کہ پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے، خون روکنے کے لیے ناک کی ایک معمولی سرجری کی گئی ہے اور اب وہ بہتر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ اب امریکا سے واپس بھارت آچکے ہیں اور انہیں ناک پر پٹی بندھے دیکھا گیا ہے۔
تاہم شاہ رخ اور ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال اس حادثے سے متعلق کسی قسم کا آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس حادثے کی تصدیق ذرائع نے کی ہے۔
ٹوئٹر صارفین شاہ رخ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کررہے ہیں۔