Time 07 جولائی ، 2023
کھیل

ورلڈ کپ سے 3 ماہ قبل بنگلادیشی کپتان تمیم اقبال کا اپنے کیرئیر سے متعلق اہم اعلان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

بنگلادیش کی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان نے افغانستان سے شکست کے ایک روز بعد آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ ایک جذباتی پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

چٹاگانگ میں پریس کانفرنس کے دوران  اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مداحوں اور وہاں موجود صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ یہاں میرے سفر کا اختتام ہوتا ہے، میں نے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، اور اپنا بہترین کرتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افغانستان سے ہونے والا میچ میرا آخری میچ تھا اور میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

تمیم اقبال نے کہا کہ میرا فیصلہ کوئی اچانک سے لیا گیا فیصلہ نہیں ہے، میں مختلف اسباب سے متعلق سوچتا رہا ہوں تاہم ان کا تذکرہ یہاں نہیں کرنا چاہتا ہوں، میں نے اپنے خاندان سے بھی اس حوالے سے مشورہ کیا ہے اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ فیصلہ لینے کیلئے یہ ایک درست وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس کہنے کیلئے زیادہ کچھ نہیں ہے لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ میں نے ہمیشہ اپنا بہترین کرنے کی کوشش کی ہے، ممکن ہے کہ بہت زیادہ اچھا نہ کر پایا ہوں لیکن میں جب بھی فیلڈ میں اترا تو ہمیشہ بھرپور کوشش کی ہے۔

تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ میرے سفر کا یہاں اختتام ہوتا ہے اس لیے مجھ سے کیوں کیوں کے سوال مت کیجیے گا کیونکہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ٹیم کسی بھی فرد سے کہیں زیادہ بڑی ہے اس لیے اپنی توجہ ٹیم پر رکھیے گا۔

تمیم اقبال نے 2007  میں  ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران بھارت کے خلاف ایک یادگار میچ وننگ ففٹی سے اپنا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر شروع کیا، اپنے کیرئیر میں انہوں نے 8 ہزار 3 سو 13 رنز اسکور کیے جبکہ اپنی ٹیم کیلئے 14 سینچری اسکور کیں۔

تمیم اقبال ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔

مزید خبریں :