دنیا
Time 07 جولائی ، 2023

سویڈن کا قرآن کریم سمیت دیگر مقدس کتابوں کی بے حرمتی جرم قرار دینے پر غور

سویڈن نے قرآن کریم اور دیگر مقدس صحیفوں کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے  پر غور شروع کردیا۔

سویڈن کے وزیر انصاف گونار اسٹرومر کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے نے سویڈن کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔

گونار اسٹرومر  کا کہنا ہے کہ سویڈن حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا وہ قرآن پاک یا دیگر مقدس کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے سکتی ہے۔

قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا واقعہ

خیال رہےکہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

اسٹاک ہوم کی پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔

مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔

قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں ریلیاں

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اس سلسلے میں آج یوم تقدیس قرآن منایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :