08 جولائی ، 2023
حکومت نے مصنوعی ذہانت پر چلنے والی ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی سے متعلق صارفین کو خبردارکردیا۔
حکومت نے صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے حساس معلومات شیئر نہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی میں مالویئر اور جعل سازی ای میلز پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے دھوکہ دہی ای میلز اور مس انفارمیشن پھیلائی جاسکتی ہے، صارفین چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے ایپلی کیشن میں ذاتی ڈیٹا اور مالی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آن لائن ٹریفک ای میلز کی تصدیق کے بعد لنک کھولے جائیں، آفیشل موبائل فون پر چیٹ جی پی ٹی استعمال نہ کی جائے، چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے دوران سکیورٹی کے مسائل کی صورت میں فوری طور پر اوپن اے آئی کو شکایت کی جائے۔
حکومت کی جانب سے کمپنیوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس کمپنیاں عوام میں آگاہی پیدا کریں۔