Geo News
Geo News

Time 09 جولائی ، 2023
صحت و سائنس

سست اور کاہل بنانے والی عادتیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جب بھی آپ خود کو تھکا ہوا اور سست پائیں تو یقیناً اس کے پیچھے کوئی نا کوئی وجہ ضرور  ہے جسے آپ کیلئے جاننا ضروری ہے، ان وجوہات  میں سے ایک وجہ ہماری منفی عادتیں بھی ہوسکتی ہیں جو ہمیں سست اور کاہل بنا دیتی ہیں۔

  یہ عادتیں نہ صرف آپ کو سست بناتی ہیں بلکہ زندگی کے ہر معاملے میں دوسروں کو  آپ سے آگے بڑھنے کا موقع دیتی ہیں، اس کے ساتھ ہماری جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی برا اثر ڈالتی ہیں۔ 

تو آئیے جانتے ہیں وہ عادتیں کون سی ہیں اور ان سے کیسا بچا جائے۔

غیر صحت مند طرز زندگی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

جسمانی ورزش کا نہ ہونا آپ کی توانائی کو کم کردیتا ہے سارا دن بیٹھے رہنے سے آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی برا اثر پڑتا ہے۔

اس کے لیے چاہیے کہ آپ روزانہ ورزش کی عادت کو اپنائیں جس سے نہ صرف آپ کا موڈ خوشگوار ہوگا بلکہ آپ کی سستی بھی دور ہوجائے گی اور کام کرنے میں آپ کا دل بھی لگے گا۔

موبائل سمیت اسکرین گیجٹس کا زیادہ استعمال 

فائل فوٹو
فائل فوٹو

زیادہ گھنٹوں تک موبائل سمیت کسی بھی اسکرین والے گیجٹس کا استعمال بھی آپ کو سست بنا دیتا ہے جس سے آپ کےکام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی آپ کی آنکھوں کو نقصان پہنچاتی ہے جس سے نیند بھی خراب ہوتی ہے، اس سے بچنے کیلئے آپ خود کو دوسرے کاموں میں مصروف رکھیں اور اسکرین استعمال کرنے کا ایک وقت مقرر کریں۔

ناکافی نیند

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ناکافی نیند کسی بھی شخص کے موڈ اور توانائی کی سطح کو بہت متاثر کر سکتی ہے، دیر تک جاگنے  یا سونے سے پہلے الیکٹرانک آلات کا استعمال نیند میں خلل ڈال سکتا ہے۔ 

اپنی نیند کی عادت کو بہتر بنانے کے لیے سونے کا ایک وقت مقرر کریں، نیند کا آرام دہ ماحول بنائیں اور سونے کے وقت نیند میں خلل ڈالنے والی چیزوں کو خود سے دور  رکھیں۔

غیر صحت مند غذا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

غیر صحت مند کھانوں سے مراد ایسے کھانے ہیں جو غذائیت کے اعتبار سے کم ہوتے ہیں جن کو کھانے کے باوجود ہمیں طاقت ملنے کے بجائے نقصان پہنچ رہا ہوتا ہے۔

ایسے کھانوں میں چکنائی والے کھانے، زیادہ چینی اور نمکین کھانے شامل ہوتے ہیں جو ہماری صحت ہمارے موڈ اور ہماری توانائی کو متاثر کرتے ہیں۔

اس لیے ماہرین کی جانب سے پھل، سبزیوں اور گوشت کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے جن میں وٹامنز اور منرلز  بھرپور ہوتے ہیں، اس کے ساتھ زیادہ پانی کا استعمال بھی آپ کو دن بھر چست رہنے میں مدد فراہم کرے گا۔