آسٹریلیا نے پاکستانی فوجی افسران پر سفری پابندیاں عائد نہیں کیں

5جون کو ایک تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ نےاپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”آسٹریلیا نے پاکستانی جرنیلوں کو اپنے ملک میں بین کر دیا۔“

پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے کسی فوجی افسر یا اہلکار پر ایسی کوئی سفری پابندی نہیں لگائی گئی۔

متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر اور فیس بک پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستانی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے 50 سے زائد سینئر اہلکاروں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

5جون کو ایک تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ نےاپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”آسٹریلیا نے پاکستانی جرنیلوں کو اپنے ملک میں بین کر دیا۔“

ٹوئٹر صارف نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں واضح طور پر یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے آسٹریلیا سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، حاضر سروس چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے اہلکاروں سمیت تقریباً 50 اہلکاروں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا۔

پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ”آسٹریلین پارلیمینٹ نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر تمام پاکستانی جرنیلوں پر اپنے ملک میں داخلے کی پابندی لگا دی ہے۔“

اس ویڈیو کو اب تک 71,000مرتبہ دیکھااور 4,000سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ کیا جا چکا ہے۔

اسی طرح کا دعویٰ ایک دوسرے ٹوئٹر صارف نے بھی شیئر کیا ۔

5 جون کو ایک فیس بک صارف نےبھی اپنی پوسٹ میں ایسا ہی دعویٰ کیا کہ ”آسٹریلیا نے پاکستانی جرنیلوں کو اپنے ملک میں بین کر دیا ہے۔“

حقیقت

پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے کسی فوجی افسر یا اہلکار پر ایسی کوئی سفری پابندی نہیں لگائی گئی۔

سوشل میڈیا پر ویزا پابندی کے حوالے سے ان وائرل رپورٹس سے آگاہ آسٹریلوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے 21 جون کو ای میل کے ذریعےجیو فیکٹ چیک کو کو بتایا کہ ”یہ رپورٹس غلط ہیں۔“

ترجمان نے لکھا کہ ”آسٹریلیا ایک ایسے پاکستان کی حمایت کرتا ہے جو پرامن، خوشحال اور جمہوری ہو، آسٹریلیاحکومت پاکستان کے ساتھ انسانی حقوق کے لیے باقاعدگی سے آواز اٹھاتا ہے۔“

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔