13 جولائی ، 2023
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس سے متعلق دائر نظر ثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سیشن جج اعظم خان نے سول جج کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا ہے جو کہ کچھ دیر میں سنایا جائےگا۔
خیال رہےکہ 13 مئی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے غیرشرعی نکاح کے الزام کےکیس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ عدت میں نکاح کےکیس کی درخواست عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
درخواست گزار محمد حنیف نے سول جج نصرمن اللہ کے فیصلے کےخلاف نظرثانی اپیل دائر کی ہے۔
آج دوران سماعت پراسیکیوٹر راناحسن عباس اور درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح ایک بار ہوچکا تھا، ان کے نکاح خواں مفتی سعید نے اپنا بیان سول عدالت میں ریکارڈ کروایا، مفتی سعید کے مطابق بشریٰ بی بی کی نکاح سے قبل عدت پوری نہیں ہوئی تھی،کیس کا دائرہ اختیار اسلام آباد میں بنتا ہےکیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ بنی گالا تھی۔
پراسیکیوٹر راناحسن عباس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دائر اپیل کی مخالفت کردی، ان کا کہنا تھا کہ نکاح لاہور میں ہوا،کیس لاہور میں دائر کرنا بنتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف پرائیویٹ شکایت ہے، سرکار کو نوٹس کرنا نہیں بنتا، جرم میں ساتھ رہنے کا ذکر نہیں، صرف نکاح کی تقریب کا ذکر ہے۔
سیشن جج اعظم خان نے دلائل کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔