فیکٹ چیک : آم کے ساتھ سوفٹ ڈرنکس کا استعمال خطرناک نہیں ہے

پاکستان کے دو معروف غذائی ماہرین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان وائرل دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ آم کھانے کے بعد کاربونیٹیڈ ڈرنکس پینا موت کا باعث بن سکتا ہے۔

پاکستانی ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ گروپس پر گردش کرنے والے ایک طویل ٹیکسٹ میں لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آم کھانے کے بعد کاربونیٹیڈ سافٹ ڈرنکس نہ پئیں، کیونکہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

6 جون کو ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹوئٹر پر اپنے 6ہزار سے زائد فالوورزکو خبردار کیا کہ وہ آم کھانے کے بعد کوئی بھی فزی[ کاربونیٹیڈ] مشروبات نہ پیئں۔

پوسٹ میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ حال ہی میں کچھ لوگ، جو کہ سفر کر رہے تھے، آم اور سوفٹ ڈرنکس کو ایک ساتھ استعمال کرنے پربے ہوش ہو گئے۔

ٹوئٹر صارف نےاپنی پوسٹ میں لکھا کہ” ان سب کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں انہیں مردہ قراردیا گیا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ آم کھانے کے بعد کوئی بھی کولڈ ڈرنک یا سافٹ ڈرنک نہ پیئں۔ آم میں موجود سٹرک ایسڈ اور کولڈ ڈرنک میں کاربونک ایسڈ ملا کر جسم میں زہر پیدا کرتا ہے۔ “

اس سے ملتی جلتی تحریریں فیس بک اور واٹس ایپ پر بھی متعدد بار شیئر کی گئیں۔

حقیقت

پاکستان کے دو معروف غذائی ماہرین نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان وائرل دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ آم کھانے کے بعد کاربونیٹیڈ چیزیں پینا موت کا باعث بن سکتا ہے۔

کراچی میں قائم آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی ماہر غذائیات ثنا اظہر نے اسپتال کے ترجمان کے ذریعے جیو فیکٹ چیک کے سوال کا جواب دیا۔

ثنا اظہر نے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے بتایا کہ ”یہ دونوں ویک [کمزور] ایسڈز ہیں، ان کا ری ایکشن کوئی اتنا بڑا خطرناک یا جان لیوا نہیں،اس بات کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں کہ سٹرک ایسڈ اور کاربونک ایسڈ مل کر پوائزن[زہر] پیدا کرتے ہیں اور انسان مر جاتا ہے۔“

جیو فیکٹ چیک نے لاہور کےایک نجی ہسپتال، شالامار کی ماہر غذائیات فائزہ کمال سے بھی رابطہ کیا، جو پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس سوسائٹی کی ایگزیکٹو ممبر بھی ہیں۔

فائزہ کمال کا کہنا تھا کہ” اگر ہم بائیو کیمسٹری کودیکھیں تو اس میں سٹرک ایسڈاور کاربونک ایسڈ ساتھ ہوں تو اس کا کوئی سٹرانگ[شیدید] ری ایکشن نہیں ہوتا۔“

انہوں نے مزید کہا کہ” ہمیں یہ ضرور چیک کرنا چاہیے کہ آموں کو دھویا گیا ہے یا نہیں کیونکہ ہمیں اندازہ نہیں کہ انہوں [دکانداروں] نے آموں کو جلدی رائپ[تیار ] کرنے کےلیے ان پر کون سے کیمیکل سپرے کئے ہیں یا کون سے پاؤڈرز استعمال کیے ہوئے ہیں، اگر وہ زیادہ مقدار میں اور اَن چیکڈ[بغیرچیک کیے]شامل ہو گئےہیں تو پھر شاید پرابلم ہو جائے۔ “

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔