Time 15 جولائی ، 2023
پاکستان

صدر پی ٹی آئی پرویزالٰہی کے ضمانتی مچلکے منظور، رہائی کی روبکار جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر  اور  سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔

آج  پرویز الہٰی کی رہائی کے لیے ان کے صاحبزادے راسخ الہٰی کی جانب سے مچلکے دینے پر ایف آئی اے  پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کا بیٹا ہونےکی  وجہ سے ضمانتی مچلکے جمع  نہیں کرائے جاسکتے، ضامن راسخ الہٰی خود بھی ایک مقدمے میں ملزم ہے،کیا ایک ملزم دوسرے ملزم کی ضمانت دے سکتا ہے؟

عدالت کا کہنا تھا کہ اس معاملے پرکوئی قانونی رکاوٹ بتائیں۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ  جتنی رقم عدالت نے مانگی وہ رقم ضامن جمع کروا رہا ہے، ایف آئی اے کا اعتراض نامناسب ہے، نواز شریف کی  ضمانت بھی ان کے بھائی شہباز شریف نےدی جب کہ شہباز شریف خود بھی ملزم تھے۔

وکیل کے دلائل سننےکے بعد عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا اعتراض مسترد کردیا اور  پرویز الہٰی کے ضمانتی مچلکے منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کی روبکار  جاری کردی۔

خیال رہےکہ 11 جولائی کو لاہور کی بینکنگ کورٹ نے پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے  ہوئے انہیں 5 لاکھ روپےکے ضمانتی  مچلکے جمع کروانے کا حکم  دیا تھا۔

 ایف آئی اے نے پرویز الہیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے، انہیں 26 جون کو جیل سے رہائی کے فوری بعد ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا تھا۔

مزید خبریں :