15 جولائی ، 2023
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو بیان میں آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
16انہوں نے بتایا کہ 16 جولائی سے 31 جولائی تک کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل واجب تھا، اس حوالے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پچھلے 15 روز کے دوران ایک آئٹم میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے لیکن دوسرے آئٹم میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا جس آئٹم میں اضافہ ہوا ہے ہم نے اس کو پاکستانی روپے میں بہتری کی وجہ سے کچھ تلافی کرنے کی کوشش کی ہے، پہلی جولائی کو پیٹرولیم ڈویلمپنٹ لیوی جو کہ آئی ایم ایف سے طے تھا اس میں مزید کوئی کوئی تبدیلی نہیں کر رہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ 9 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 253 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 253 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔