Time 18 جولائی ، 2023
پاکستان

نئی مردم شماری کے نتائج آبھی جائیں تو حلقے یہی رہیں گے: وفاقی وزیر داخلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ نئی مردم شماری کے نتائج  آبھی جائیں تو  حلقے یہی رہیں گے۔

 جیو نیوز کے  پروگرام 'آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ' میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ  حلقوں میں اضافے یا کمی کے لیے آئینی ترمیم کرنی پڑےگی۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو الیکشن میں ہونا چاہیے،عوام ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں کہ ان کو ملک میں یہ فتنہ چاہیے یا جمہوریت اور امن ؟

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ہر سیٹ پر ہمارا امیدوار ہوگا، ہم سےکسی نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے نہیں کہا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ  اعظم خان کی فیملی رابطہ کرے تو جو مدد ہم کرسکتے ہیں کریں گے، شہزاد اکبر کے بھائی حکومتی اداروں کی حراست میں نہیں ہیں۔

پرانی مردم شماری پر انتخابات قبول نہیں کریں گے: ایم کیو ایم

دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعتمتحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر کرانےکے بہانے اور جو چور دروازے ڈھونڈے جارہے ہیں اسے قبول نہیں کریں گے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ حلقہ بندیوں میں لسانی تفریق کی گئی، الیکشن سے پہلے ٹھیک کیا جائے، پرانی مردم شماری پر انتخابات ناقابل قبول ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان پرانی مردم شماری پر انتخابات قبول نہیں کرے گی، شفاف الیکشن کے لیے نگران حکومت سمیت کوئی بھی فیصلہ ہو اور ایم کیو ایم کی رائے اس میں شامل نہ کی گئی تو یہ ہمارے حق پر ڈاکہ مارنے کے مترادف ہوگا۔

مزید خبریں :