Time 18 جولائی ، 2023
پاکستان

چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا الیکشن سے پہلے یا بعد میں ہو گی، اس کا معلوم نہیں: رانا

کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی کی 200 سیٹیں پکی ہیں: وزیر داخلہ— فوٹو:فائل
کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی کی 200 سیٹیں پکی ہیں: وزیر داخلہ— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سزا یا نا اہلی ہوگی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ شیخ رشید کو گرفتار کرکے اسے اہمیت نہیں دینا چاہتے، 9 مئی واقعات میں ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا یا نا اہلی ہوگی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، سزا الیکشن سے پہلے یا بعد میں ہو گی، معلوم نہیں، نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہو گا ابھی حتمی تاریخ نہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی کی 200 سیٹیں پکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر الزامات لگائے گئے ہیں، الزامات سپریم کورٹ، ہائیکورٹ کے ججز پر بھی ہیں، فیصلہ عدلیہ نے کرنا ہے، 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہو گا، موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں، یہ سوال موجود ہے۔

مزید خبریں :