Time 23 جولائی ، 2023
پاکستان

بہاول پور: منشیات سمیت دیگرغیرقانونی معاملات میں ملوث 2 یونیورسٹی افسران گرفتار

ملزمان کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی ہے: پولیس— فوٹو: فائل
ملزمان کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی ہے: پولیس— فوٹو: فائل

بہاول پور میں مبینہ طور پر منشیات اور ممنوعہ ادویات سمیت دیگر غیرقانونی کاموں میں  ملوث 2 یونیورسٹی افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

افسران کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی ہے جبکہ وائس چانسلر نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ کر مقدمات کو جھوٹا قرار دے دیاہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بہاول پور کی یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر اعجاز شاہ اور ڈائریکٹر فنانس محمد ابوبکر کے موبائل فونز کا فرانزک مکمل کرلیا گیا ہے، ملزمان کے سیل فونز سے آؤٹ گوئنگ اور ان کمنگ کالز کا ریکارڈ بھی رپورٹ کا حصہ بنایاگیا ہے۔

پولیس کے مطابق بہاولپور کی یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر اعجاز شاہ کو 3 روز قبل جبکہ ڈائریکٹر فنانس محمد ابوبکر کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا ملزمان سے کرسٹل آئس اور ممنوعہ جنسی ادویات برآمد ہوئی تھیں۔

دوسری جانب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے آئی جی پنجاب پولیس کے نام خط لکھ کر افسران کے خلاف مقدمے کو جھوٹا قرار دیدیا ہے۔

وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، یونیورسٹی کی ترقی سے خائف لوگ یونیورسٹی کو بدنام کرنے کے درپے ہیں۔

ڈاکٹر اطہر محبوب کا  آئی جی پنجاب کے نام خط میں کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :