Time 23 جولائی ، 2023
پاکستان

اسحاق ڈار کے نام پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو وہ نگران وزیراعظم ہو سکتے ہیں: احسن اقبال

9 مہینے کے آئی ایم ایف پروگرام پر نگران سیٹ اپ میں عمل درآمد ہونا ہے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی— فوٹو:فائل
9 مہینے کے آئی ایم ایف پروگرام پر نگران سیٹ اپ میں عمل درآمد ہونا ہے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی— فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نام پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو وہ نگران وزیراعظم ہو سکتے ہیں۔

جیو نیوز کے  پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھاکہ فیصلے جو بھی ہوں گے کابینہ اور اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے نام پرتمام جماعتیں متفق ہوئیں تووہ نگران وزیراعظم ہوسکتے ہیں، کون ان ہے کون آؤٹ ہے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، نگران وزیراعظم پر پارٹی میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، میرے سامنے نگران وزیراعظم پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت کے آخری ہفتےمیں نگران سیٹ اپ پراتفاق ہوجائے گا، 9 مہینے کے آئی ایم ایف پروگرام پر نگران سیٹ اپ میں عمل درآمد ہونا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ تین سال کے پروگرام کا معاہدہ کرنا پڑے گا، ہمیں مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جس کے پاس 5 سال کامینڈیٹ ہو، میری ذاتی رائے ہے کہ مختصرسےمختصر وقت میں ہم الیکشن سےگزر جائیں، ہمیں جلدی الیکشن کرواکر مستحکم حکومت چاہیے تاکہ اصلاحات لاکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سب جانتے ہیں نوازشریف کو سازش کے تحت نااہل کیاگیا، عمران خان نے برطانیہ سے آئی رقم پر رشوت لی، اسے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا، المیہ ہےکہ پاکستان میں موجود جوڈیشل سسٹم پر لوگوں کا اعتماد نہیں۔

خیال رہے کہ موجودہ اسمبلی کی مدت 12 اگست کو پوری ہو رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف مدت سے پہلے حکومت چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :