Time 26 جولائی ، 2023
کھیل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت ٹاکرا ری شیڈول کرنےکی تجویز پر اجلاس طلب کرلیا

پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 15 اکتوبر کو شیڈول ہے/ فائل فوٹو
پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 15 اکتوبر کو شیڈول ہے/ فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ اور میگا ایونٹ کی تیاریوں کے معاملے پر اجلاس طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشینز کے نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے جبکہ اہم معاملات پر میٹنگ کل نئی دہلی میں ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں پاک بھارت ورلڈ کپ ٹاکرا کو ری شیڈول کرنےکی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جائےگا، سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 15 اکتوبر کو شیڈولڈ ہے اور میچ کو نوراتری تہوار کی وجہ سے ری شیڈول کرنے کا کہا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاجسٹک مسائل کی وجہ سے وینیو کو تبدیل کرنا ممکن نہیں، نوراتری کی وجہ سے میچ کو ری شیڈول کرنےکا سوچ رہے ہیں، اسی حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ  آئی سی سی کے ساتھ مل کر میچ کو ری شیڈول کرے گا اور میٹنگ میں ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے جائز ہ بھی لیاجائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کے حوالے سے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے گا جس میں جےشاہ، بی سی سی آئی صدر راجر بنی سمیت پانچ افراد ورلڈکپ کمیٹی کو دیکھیں گے جبکہ ورکنگ گروپ وینیوز کی اپ گریڈیشن اور تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے گا۔

واضح رہے آئی سی سی ورلڈکپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک انڈیا کے 10 وینیوز پر کھیلا جائے گا اور فی الحال پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔

مزید خبریں :