Time 31 جولائی ، 2023
دنیا

سویڈن اور ڈنمارک میں آج پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات

اسلام مخالف انتہا پسندوں نے سویڈن میں پارلیمنٹ کے باہر اور ڈنمارک میں سعودی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی— فوٹو: فائل
اسلام مخالف انتہا پسندوں نے سویڈن میں پارلیمنٹ کے باہر اور ڈنمارک میں سعودی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی— فوٹو: فائل

سویڈن اور ڈنمارک کی حکومتوں نے مذہبی کتابوں کی بےحرمتی کے واقعات روکنے پر غور کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومتی فیصلے کے بعد بھی سویڈن اور ڈنمارک میں آج پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات رونما ہوئے، اسلام مخالف انتہا پسندوں نے سویڈن میں پارلیمنٹ کے باہر اور ڈنمارک میں سعودی سفارت خانے کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک میں آج قرآن پاک کی بےحرمتی کے مزید واقعات رونما ہوئے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز سویڈن اور ڈنمارک کی حکومتوں نے اسلامی ممالک سے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایسے واقعات کو قانونی طور پر محدود کرنے کے طریقوں پر جائزہ لینے کا کہا تھا۔

ڈینش وزیر خارجہ لارس راسموسن نے پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اسپیکرز سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ڈنمارک اور بیرون ملک دونوں جگہوں پر ہم اس پر کام کر رہے ہیں، اُمید ہے کہ ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے ان کو کم کرنے میں مدد ملے گی، ہم دباؤ کے تحت ایسا نہیں کر رہے بلکہ یہ ہم سب کے بہترین مفاد میں ہے، ہمیں صرف بیٹھ کر اس صورتحال کے بگڑنے کا انتظار نہیں کرنا۔

دوسری طرف سویڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے تمام 57 ممالک کو خطوط بھیجے ہیں، خطوط میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات پر وضاحت اور اسلاموفوبیک کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور عراق کی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی اجلاس بھی آج ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :