فیکٹ چیک: کیا الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو سیاسی جماعتوں کی فہرست سے نکال دیا؟

نہ تو ای سی پی نے پی ٹی آئی کو اپنی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے نکالا ہے اور نہ ہی سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام کسی دوسری پارٹی کو دیا ہے

مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ملک کی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سےنکال دیا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

10 جولائی کو ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ” بریکنگ نیوز، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی جاری لسٹ سے تحریک انصاف کو نکال دیا، الیکشن کمیشن کو اتنی جلدی ہے کہ پی ٹی آئی بین ہونے سے پہلے ہی پی ٹی آئی کو اگلے الیکشن لڑنے والی جماعتوں کی فہرست سے نکال دیا۔ “

اس ٹوئٹ کو اب تک تقریباً 10ہزار مرتبہ ری ٹوئٹ اور 24ہزار سے زائد بار لائک کیا گیا ہے۔

اسی ٹوئٹ کو Qoute Retweet کرتے ہوئے صارف نے بعد میں دعویٰ کیا کہ” الیکشن کمیشن نے لسٹ اپ ڈیٹ کردی، تحریک انصاف کو رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا، اب کہا جا رہا ہےکہ غلطی سے پی ٹی آئی کا نام نکل گیا تھا۔“

10 جولائی کو ایک اور تصدیق شدہ ٹوئٹر صارف نے لکھاکہ ”اب تحریک انصاف کا نام ہی پارٹی فہرست سے نکال کر کسی لیبر قومی مومنٹ کا چیئرمین بنا دیا ہے خان صاحب کو۔“

اسی سے ملتے جلتے دعوے فیس بک پر بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

ملک میں انتخابات کرانے کے ذمہ دار ادارے،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نہ تو پی ٹی آئی کو اپنی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے نکالا ہے اور نہ ہی سابق وزیراعظم عمران خان کا نام کسی دوسری جماعت کو دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میڈیا کو آرڈینیشن ہارون خان شنواری نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف ابھی بھی ای سی پی کی ویب سائٹ پر درج ہے۔

ہارون خان شنواری نے کہا کہ ”وہ [پارٹی کا نام] تبدیل نہیں کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف بھی موجود ہے اور167 اور جماعتیں بھی موجود ہیں، ان کے ہیڈز [سربراہ] بھی ہیں۔“

ان کا مزیدکہنا تھا کہ سیاسی جماعت کو  ڈی لسٹ کرنا آئینی عمل ہے، ای سی پی خود سے ایسا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ایک کانفیڈینشیل دستاویز بھی شیئر کی ، جس میں ان تمام سیاسی جماعتوں کی فہرست دی گئی ہے جو ملک میں آئندہ انتخابات میں حصہ لے سکتی ہیں۔ فہرست میں 168 سیاسی جماعتیں ہیں اور دستاویز میں پی ٹی آئی کا نام اس کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ موجود ہے۔

تمام سیاسی جماعتوں کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے، جسے یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔