03 اگست ، 2023
ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز ہوا اور پہلے میچ میں ملائیشیا نے ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا ۔
فاتح ٹیم کے فرحان اشعری نے 2 گول بنائے ، پاکستان کا واحد گول عبدالرحمان نے اسکور کیا، ایونٹ میں کل پاکستان کا مقابلہ جنوبی کوریا سے ہوگا۔
بھارت کے شہر چنئی میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ برق رفتاری سے شروع ہوا، ایک دوسرے کے گول پر حملے ہوئے لیکن پہلا کوارٹر بغیر گول کے برابری پر ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر میں دلچسپ مقابلہ ہوا لیکن 27ویں منٹ میں ملائیشین ٹیم نے حملہ کیا اور فرحان اشعری نے پہلا گول بنا دیا ۔ اگلے ہی منٹ میں فرحان نے ملائیشیا کے لیے دوسرا گول بھی داغ دیا۔
ہاف ٹائم پر ملائیشیا کو دو صفر کی برتری حاصل تھی، میچ کا تیسرا کوارٹر شروع ہوا اور 44 ویں منٹ میں سلویرئس نے ملائشیا کو تین صفر کی برتری دلا دی ۔
اس کے بعد پاکستان نے ٹیم نے حریف گول پر حملے کیے پنالٹی اسٹروک بھی حاصل کی ، لیکن ضائع کردیا۔
میچ کے 55ویں منٹ میں عبدالرحمان نے پاکستان کا پہلا گول بنایا لیکن میچ ملائیشیا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا ۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ 4 اگست کو کوریا کے خلاف، تیسرا میچ جاپان کے خلاف، چوتھا میچ چائنا کے خلاف جبکہ پانچواں میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔