پاکستان

وزیر اعظم نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دیدی

موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ فوٹو فائل
موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دیدی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے 9 اگست کی تاریخ دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو  صدر کو بھیج دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعظم کا کہنا تھا نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہو گی اور آئندہ 2 سے 3 روز  میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔

خیال رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے اور چند روز قبل وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ 9 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر کو بھیج دیں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر 12 اگست تک اسمبلی تحلیل ہوئی تو 11 اکتوبر سے پہلے الیکشن کروا دیں گے۔

مزید خبریں :