اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب کی عبوری حکومت نے صوبے میں بیوروکریٹس کے لئے 2.33ارب روپے کی لاگت سے 200 سے زائدگاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
04 اگست ، 2023
فیس بک اور ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت بیوروکریٹس کیلئے 200 نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے 2.33ارب روپے خرچ کرے گی۔
یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔
23 جولائی کو ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ” پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب حکومت بیوروکریٹس کے لیے3.2 ارب روپے مالیت کی 200 نئی گاڑیوں کا آرڈر کیوں دے گی؟“
اسی طرح کا دعویٰ ایک اور ٹوئٹر صارف نےبھی کیا کہ ”پنجاب حکومت افسران کے لئے 200 نئی لگژری گاڑیوں کی خریداری پر3.2 ارب روپے خرچ کرے گی۔“
اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ٹوئٹ کو 36 مرتبہ ری ٹوئٹ اور 35 بار لائک کیا گیاہے۔
اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب کی عبوری حکومت نے صوبے میں بیوروکریٹس کے لیے 2.33 ارب روپے کی لاگت سے 200 سے زائدگاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب میں محکمہ خزانہ کے ایک سینئر اہلکار نے اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو فیکٹ چیک کو اس بارے میں تفصیلات فراہم کیں، جن کے مطابق صوبے کےہر ایڈیشنل کمشنرکو ٹویوٹا کرولا CVT 1.6 Altis ، ہرضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو Yaris ATIV 1.3L اور ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرکو4x4 Revo-G M/Tلگژری ڈبل کیبن الاٹ ہو گا۔
اہلکار نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی خریداری کے بارے میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن ”جعلی“ تھاجو کہ ان کے محکمہ نے جاری نہیں کیا تھا۔
تاہم، اس میں بیان کی گئی معلومات درست تھیں، انہوں نے کہا کہ ان کے محکمہ نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن تیار کر لیا ہے اور جلد ہی اسے شائع بھی کر دیا جائے گا۔
احکامات جاری ہونے کے بعد 145 اسسٹنٹ کمشنرز (تحصیل)، 36 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ضلع) اور 27 ایڈیشنل کمشنرز (ڈویژن) کو سرکاری استعمال کے لیے نئی گاڑیاں دی جائیں گی۔
یہ کُل 208 نئی گاڑیاں ہوں گی۔
بورڈ آف ریونیو (بی او آر) پنجاب کے سیکرٹری شفقت اللہ مشتاق نے بھی جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی ہے کہ ان کا ڈیپارٹمنٹ 24-2023 کے بجٹ سے گاڑیاں خریدے گا۔
جیو فیکٹ چیک کی طرف سے شفقت اللہ مشتاق سے سوال کیا گیا کہ بورڈ آف ریونیو بیوروکریٹس کے لیے زیادہ گاڑیاں کیوں خرید رہا ہے جب کہ گزشتہ برس اکتوبر میں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی منتخب حکومت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر افسران کےلیے 93 لگژری گاڑیاں خریدی تھیں۔
سیکرٹری بورڈ آف ریونیو نے وضاحت کی کہ گز شتہ سال گاڑیاں صرف محکمہ مال کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کےلئے خریدی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فنانس، جنرل اور کوآرڈینیشن دفاتر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو کوئی گاڑی نہیں ملی اور اب انہیں گاڑیاں دی جا رہی ہے۔
تصحیح: اس نیوز آرٹیکل کے پہلے ورژن میں لکھا گیا تھا کہ پنجاب کی نگران حکومت 209 نئی گاڑیاں خریدے گی۔بعد ازاں سیکرٹری بورڈ آف ریوینو پنجاب کی تصدیق کے بعد گاڑیوں کی تعداد درست کر کے 208 کر دی گئی ہے۔
اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔