Time 04 اگست ، 2023
دنیا

روسی عدالت نے پہلے سے قید اپوزیشن لیڈر کو مزید 19 سال قید کی سزا سنا دی

تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں، کریملن کے حکمران مجھے عمر بھر جیلوں میں قید رکھنا چاہتے ہیں: روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی
تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں، کریملن کے حکمران مجھے عمر بھر جیلوں میں قید رکھنا چاہتے ہیں: روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی

روسی عدالت کی جانب سے پہلے سے قید روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی کو مزید 19 برس قید کی سزا سنادی گئی۔

الیکسی ناولنی پر انتہاپسندی کا الزام تھا، پراسیکیوشن نے عدالت سے 20 سال قید کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی جبکہ الیکسی ناولنی نے بھی سماعت سے قبل ’طویل اسٹالینی‘ طرز کی سزا سنائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

انتہاپسندی کے الزام میں مقدمےکی سماعت کے دوران روسی اپوزیشن لیڈر نے الزامات بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مقدمات کو انہیں خاموش کروانے کی کوشش قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں، کریملن کے حکمران انہیں عمر بھر جیلوں میں قید رکھنا چاہتے ہیں۔

قیدیوں کے لباس میں عدالت میں پیش ہونے والے روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی سزا سنائے جانے پر مسکراتے رہے جبکہ اس سے قبل انہیں 4 مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں اور وہ توہین عدالت اور فراڈ کے الزام میں 9 برس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ 2021 میں انہیں پیرول کی خلاف ورزی کے الزام میں ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر برائے مشرقی یورپ اور وسطی ایشیا میری اسٹروتھرس نے روسی اپوزیشن لیڈر کو سنائی گئی سزا پر اپنے رد عمل میں اسے شرمناک مقدمہ اور بدترین سیاسی انتقام قرار دیا، دوسری جانب جرمنی اور امریکا کی جانب سے بھی عدالتی فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ روس کے میلیخوو آئی کے سکس پینل کالونی کی عدالت میں الیکسی ناولنی کے خلاف انتہاپسند کارروائیوں کی فنانسنگ اور انتہاپسند تنظیم بنانے کے الزامات سمیت 6 کرمنل کیسز زیر سماعت ہیں۔

مزید خبریں :