Time 05 اگست ، 2023
پاکستان

توشہ خانہ کیس میں گرفتار عمران خان اٹک جیل منتقل

عمران خان کو 6 بج کر 50 منٹ پر اٹک جیل منتقل کیا گیا اور جیل مینویل کے مطابق ان کا میڈیکل کیا گیا: پولیس ذرائع— فوٹو: اسکرین گریب
عمران خان کو 6 بج کر 50 منٹ پر اٹک جیل منتقل کیا گیا اور جیل مینویل کے مطابق ان کا میڈیکل کیا گیا: پولیس ذرائع— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو براستہ موٹروے اٹک پہنچایا گیا۔

انہوں نے بتایاکہ اٹک جیل کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی موجود ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کو 6 بج کر 50 منٹ پر اٹک جیل منتقل کیا گیا اور جیل مینویل کے مطابق ان کا میڈیکل کیا گیا۔

ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے طبی معائنے کیلئے ڈاکٹرز کی5 رکنی ٹیم اٹک جیل پہنچی ہے جس میں کارڈیالوجی، میڈیسن، آرتھو کے ماہرین  شامل ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم بھی اٹک جیل پہنچ گئی

دوسری جانب عمران خان کی قانونی ٹیم بھی اٹک جیل پہنچ گئی۔ قانونی ٹیم کے رکن نعیم پنجوتھا کے مطابق اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی، سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کی اجازت مانگی لیکن ان سے ملاقات کرنے کیلئے کوئی جواب نہیں ملا۔

انہوں نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے پاور آف اٹارنی اور مختلف درخواستوں پر دستخط کروانے ہیں، توشہ خانہ کیس کے فیصلے پر اپیل دائر کرنے کے لیے بھی عمران خان کے دستخط کروانے ہیں اور ان سے خیریت، کھانے پینے اور کپڑوں کا بھی پوچھنا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔

مزید خبریں :