07 اگست ، 2023
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے رواں سال اکتوبر میں شیڈولڈ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں کمبوڈیا کے خلاف میچ کا ہوم لیگ سعودی عرب میں کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پی ایف ایف 17 اکتوبر کو شیڈولڈ ہوم میچ کیلئے مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں سعودی عرب فٹبال فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے میچ کی میزبانی کیلئے سعودی عرب کے وینیوز کی دستیابی کا پوچھا ہے اور ساتھ ساتھ سعودی عرب میں ہی ٹریننگ کیمپ لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس میں سعودی کلبز سے میچز کی تجویز بھی شامل ہے تاہم سعودی حکام نے اس پر پی ایف ایف کو حتمی جواب نہیں دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کا پنجاب اسٹیڈیم اور اسلام آباد کا جناح اسٹیڈیم اے ایف سی سے منظور شدہ تو ہے مگر فیفا کے تازہ معیار کے مطابق اپ ڈیٹ نہیں جس کی وجہ سے پی ایف ایف کو چیلنجز ہیں۔
گو کہ پی ایف ایف نے اسلام آباد میں میچ کرانے کا آپشن مکمل ختم نہیں کیا تاہم وہاں میچ کے امکانات کم ہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 10 اگست تک ہوم میچ کا وینیو فائنل کرکے فیفا اور اے ایف سی کو آگاہ کرنا ہے۔