09 اگست ، 2023
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چور سڑک سے اے ٹی ایم مشین ہی اکھاڑ کر لے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اے ٹی ایم مشین کے چوری ہونے کا واقعہ کیلیفورنیا کے شہر سکرامینٹو میں پیش آیا جس کی ویڈیو پولیس نے شیئر کی۔
وائرل ویڈیو میں فورک لفٹ کے ذریعے چوروں کو پہلے سڑک سے اے ٹی ایم مشین اکھاڑتے اور بعد ازاں اس مشین کو گاڑی میں ڈال کر لے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے اے ٹی ایم کو اکھاڑنے کے دوران چوروں کی پہلی کوشش کامیاب نہ ہوئی جس کے بعد فورک لفٹ کے ذریعے ایک بار پھر اے ٹی ایم مشین کو گاڑی میں ڈالا گیا۔
کاؤنٹی پولیس کے مطابق چوروں نے مارگریٹ روڈ پر سیف کریڈٹ یونین کی اے ٹی ایم مشین پر صبح 6 بجے حملہ کیا، اے ٹی ایم مشین کی چوری کے لیےاستعمال کی جانے والی فورک لفٹ بھی چرائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق راستے میں اے ٹی ایم مشین گرجانے سے ٹریفک جام ہوگیا جس کے بعد چور مشین سے رقم نکال کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشین کی چوری باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، چوروں کی تلاش جاری ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔