11 اگست ، 2023
نگران وزیراعظم چُننے کا معاملہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی نگران وزیراعظم کے تقرر کے لیے آج دوسری بیٹھک ہو گی۔
راجہ ریاض کے پیش کردہ تین ناموں میں شامل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ آئین ہمیں تین دن کی رعایت دیتا ہے، امید ہے اس سے پہلے معاملہ حل کر لیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی جس پر صدر عارف علوی نے بھی دستخط کر دیے تھے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان نگران وزیراعظم کے حوالے سے ہونے والی پہلی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی تھی۔
شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی لیکن اب تک کسی نام پر اتفاق نہیں ہو سکا، ایک اور ملاقات کا فیصلہ ہوا ہے۔